نئی دہلی :27 /مارچ(ایس اونیوز /آئی این ایس انڈیا) بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے لوک سبھا انتخابات کے امیدواروں کی 11 ویں فہرست میں آج گجرات کی تین سیٹوں پرامیدواروں کا اعلان کیا۔ پارٹی نے ایک مرکزی وزیر مملکت سمیت ان تینوں سیٹوں پر موجودہ ممبران پارلیمنٹ کے ٹکٹ کاٹ کر نئے چہروں پر داؤ لگایا ہے۔ بی جے پی مرکزی الیکشن کمیٹی کے سکریٹری جے پی نڈا نے آج یہاں یہ فہرست جاری کی۔ پارٹی نے بناسکانٹھا سے ہری بھائی پرتھیبھائی چودھری کی جگہ پروت بھائی پٹیل، پوربندر سے وٹھل بھائی ہنس راج بھائی رڈاڈیا کی جگہ رمیش دھادیکا کواور پنچ محل سے پربت سنگھ چوہان کی جگہ رتن سنگھ کو امیدوار بنایا ہے۔ ہری بھائی چودھری وزیر اعظم نریندر مودی کی کابینہ میں نومبر 2014 میں وزیر مملکت کے طور پر شامل ہوئے تھے۔ وہ جولائی 2016 تک وزارت داخلہ میں رہے اور پھر چھوٹی و درمیانی صنعتوں کی وزارت میں وزیر مملکت بنے۔ گزشتہ 25 مارچ کو بی جے پی کی مرکزی الیکشن کمیٹی کی میٹنگ میں تمام سیٹوں پر امیدواروں کے فیصلے کوحتمی شکل دیا گیا تھا اور پارٹی صدر امت شاہ کو آگے کے فیصلے کا اختیار دیا گیا تھا۔